ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / حزب مخالف ’انڈیا ‘ کا آج دہلی میں چوتھا اجلاس:لالوپرساد یادو، ممتابنرجی اور نتیش کمار سمیت کئی لیڈران پہنچے دہلی

حزب مخالف ’انڈیا ‘ کا آج دہلی میں چوتھا اجلاس:لالوپرساد یادو، ممتابنرجی اور نتیش کمار سمیت کئی لیڈران پہنچے دہلی

Tue, 19 Dec 2023 17:58:39    S.O. News Service

نئی دہلی:19؍دسمبر(ایس اؤ نیوز )پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے غیر متوقع نتائج کے 15دنوں بعد منگل کو دہلی میں حزب مخالف پارٹیوں کے اتحاد’انڈیا‘ کا اجلاس ہونے جارہاہے۔ اجلاس میں 2024ء کے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ، سیٹوں کی تقسیم ، ای وی ایم اور وی وی پیٹ پر بحث ہونے کا امکان جتایاگیا ہے۔ اجلاس میں شرکت کے لئے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو، جے ڈی یو لیڈر نتیش کمار اور ٹی ایم سی سربراہ ممتا بنرجی سمیت کئی سیاسی پارٹیوں کےلیڈران اجلاس سے ایک دن پہلے ہی دہلی پہنچ چکے ہیں۔

انڈیا اتحاد کا دہلی میں ہونے والا یہ پہلا اجلاس ہے۔ اپوزیشن اتحاد کا اجلاس  دہلی کے اشوکا ہوٹل میں شہ پہر تین بجے شروع ہوگا۔جس میں 28 جماعتوں کے سربراہان اور رہنما شامل ہوں گے۔ اجلاس میں نشستوں کی تقسیم کا معاملہ اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ممکنہ طور پر رہا انڈیا اتحاد جنوری یا فروری تک مشترکہ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر سکتا ہے۔ اتحادی جماعتوں نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ سیٹوں کی تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے ریاستوں میں ذیلی کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔

اجلاس میں شرکت کے لئے تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن، بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور دیگر لیڈر دہلی پہنچنے لگے ہیں۔ ممتابنرجی کی طرح اسٹالن نے بھی دہلی کے اپنے اس سفر میں وزیراعظم مودی سے ملاقات کا بھی پروگرام بنایا ہے اورا س کیلئے دفتر وزیراعظم سے وقت مانگا گیاہے۔ ممتا بنرجی نے پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انڈیا اتحاد کی میٹنگ کے تعلق سے جوش وخروش کااظہار کرتےہوئے کہا کہ اس میں سیٹوں کی تقسیم پر گفتگو ہوگی۔ ۲۰۲۴ءمیں مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے قائم ہونے والے اپوزیشن اتحاد کی یہ چوتھی میٹنگ ہے ’دی نیو انڈین ایکسپریس‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق میٹنگ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اٹھنے والے سوالات کے بیچ ووی پیٹ کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ ووٹوں کی تصدیق کی ضرورت پر گفتگو ہونے کا امکان ہے۔ ایسے وقت میں جبکہ ای وی ایم پر سوال اٹھ رہے ہیں، یہ مطالبہ پہلے ہی کیا جارہاہے کہ وی وی پیٹ کی گنتی کی جائے تاکہ مشین کے تعلق سے عدم اعتماد کا ازالہ ہوسکے۔

اس سے قبل پیر کی شام عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور شیو سینا (یو بی ٹی) کے صدر ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی۔ کیجریوال نے ٹی ایم کے ایم پی اور ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کی ساوتھ ایونیو واقع رہائش گاہ پر تقریباً 45 منٹ تک ملاقات کی۔ کیجریوال نے ادھو ٹھاکرے اور دیگر شیو سینا (یو بی ٹی) رہنماؤں سے بھی ملاقات کی جن میں آدتیہ ٹھاکرے، سنجے راوت اور پرینکا چترویدی شامل ہیں۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد کیجریوال نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اخلاقی ملاقات کے دوران ملک کے 'سیاسی مسائل' پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل اتحاد کا اجلاس 6 دسمبر کو بلانے کی تجویز دی گئی تھی۔ لیکن، ممتا بنرجی، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سمیت کئی سرکردہ لیڈروں نے شرکت کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد میٹنگ ملتوی کر دی گئی تھی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پٹنہ، بنگلورو اور ممبئی میں اتحاد کے اجلاس منعقد کئے جا چکے ہیں


Share: